شیعہ علما کونسل کا سانحہ ترلائی اسلام آ باد کیخلاف احتجاج
سانحہ کی شفاف تحقیقات اوردہشتگردوں کے سرپرستوں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ
منڈی بہاؤالدین،پھالیہ ، علی پور چٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار ، تحصیل رپورٹر )شیعہ علما کونسل پاکستان کی اپیل پر وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں پنجاب ،سندھ ،بلوچستان ، خیبر پختونخوا اورکشمیر وگلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سانحہ جامع مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبری ترلائی اسلام آباد میں خود کش دھماکے کیخلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں ، سیمینار و دیگر پروگرامزکا انعقاد کیا گیاجس میں علما کرام، شیعہ علماء کونسل اور جے ایس او کے مرکزی ، صوبائی ، ڈویژنل ، ضلعی و تحصیل عہدیدار وں ا ور کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور سانحہ کیخلاف شدید الفاظ میں مذمتی قرار دادیں منظور کیں۔ علاو ہ ازیں قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی ہدایت پر پھالیہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔تحصیل صدر پھالیہ سید یاور عباس کاظمی نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ ہمارے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور حالیہ دہشتگردی میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے ، مولانا علی احمد حیدری نے کہا کہ ہماری نسل کشی نہ کی جائے اور ملزموں کو کیفر کردار تک فوری پہنچایا جائے ۔علی پورچٹھہ میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے قاری علی رضا، مولانا علی منتظری، مولانا شہزاد الحسن اور سید علی انصر زیدی نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف جرم ہے اور اس کے خاتمے کیلئے قومی اتحاد ناگزیر ہے ملک میں امن و استحکام کیلئے تمام طبقات کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔