لالہ موسیٰ:کمرشل گاڑیوں کے معائنے ،سرٹیفکیٹ کیلئے قطاریں

لالہ موسیٰ:کمرشل گاڑیوں کے معائنے ،سرٹیفکیٹ کیلئے قطاریں

انتظار گاہ نہ شیڈ ، بنیادی سہولیات کا فقدان‘ڈرائیوروں گاڑیوں میں انتظار پر مجبور

لالہ موسیٰ( نمائندہ دنیا )جی ٹی روڈ پر کلیوال سیداں اور وہند کے درمیان قائم وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم (VICS)سنٹر پر کمرشل گاڑیوں کے معائنے کیلئے طویل قطاریں روز کا معمول بن چکی ہیں۔ کئی ڈرائیور رات گئے پہنچ کر اپنی باری محفوظ بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور بعض کو گھنٹوں نہیں بلکہ پورا دن انتظار کرنا پڑتا ہے ،ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ سنٹر پر بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔ نہ مناسب انتظارگاہ موجود ہے ، نہ شیڈ اور نہ ہی کھانے پینے کا کوئی باقاعدہ انتظام، گرمی، سردی یا بارش ہر موسم میں انہیں گاڑیوں میں بیٹھ کر انتظار کرنا پڑتا ہے جبکہ رات کے اوقات میں سکیورٹی سے متعلق خدشات بھی جنم لیتے ہیںِ ۔دوسری جانب سنٹر کے ذرائع کے مطابق VICS کا مقصد سڑکوں پر صرف فٹ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دینا، حادثات کی شرح کم کرنا اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی روک تھام کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے ، سنٹر کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوائنٹمنٹ کا باقاعدہ نظام موجود ہے مگر بہت سے ڈرائیور لاعلمی یا جلدی کے باعث بغیر وقت لئے سنٹر پہنچ جاتے ہیں، جس سے غیر ضروری رش پیدا ہوتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں