جیل میں بانی پی ٹی آ ئی کیخلاف ناروا سلوک ‘وکلا کا احتجاج
عمران خان سے فوری طور پر ڈاکٹرز اور اہلخانہ کی ملاقات کرا ئی جائے :انتظار پنجوتھہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )چیئر مین انصاف لائرز فورم انتظار حسین پنجوتہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی و قائد عمران خان کے ساتھ جیل میں غیر انسانی سلوک ہورہا ہے بانی پی ٹی آئی کو ڈاکٹرز اور فیملی تک رسائی نہ دینا آئین اور قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے ،انصاف لائرز فورم عمران خان کے ساتھ ہونے والے ظلم کی شدید مذمت کرتی ہے بانی پی ٹی آئی سے فوری طور پر اہل خانہ اور ڈاکٹرز کی ملاقات کا مطالبہ کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ساتھ جیل میں غیر انسانی سلوک، نامناسب طبی سہولیات اور آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر مجسم زرخیز انور خان ایڈووکیٹ،صدر بار سعید احمد بھلی صدر،جنرل سیکرٹری آئی ایل ایف گوجرانوالہ ڈویژن طاہر سلطان ایڈووکیٹ ، صدر پنجاب آئی ایل ایف عرفان کلار ایڈووکیٹ، علی اعجاز بٹر این اے 117 ،ملک لقمان شفیق اعوان اور دیگر وکلا نے شرکت کی۔ انتظار حسین پنجوتہ نے کراچی میں پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں پر پولیس تشدد جمہوریت پر حملہ ہے ، کراچی میں سابق ایم این اے اور ایم پی ایز پر تشدد کی تصاویر انتہائی دردناک ہیں، علی زمان کواڈیالہ جیل کے باہر سے اٹھا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔