وزیر آباد :ضلعی تحفظِ صارف کونسل کے قیام کانوٹیفکیشن
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن پنجاب کرن خورشید اور ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ ،
پرائسز اینڈ کنزیومر پروٹیکشن فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عمران قریشی کی رہنمائی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے صارف دوست ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/وزیر آباد نوید احمد نے صوبہ پنجاب کے نو قائم شدہ 08 اضلاع میں سب سے پہلے ضلع وزیر آباد میں ضلعی تحفظِ صارف کونسل (ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل) کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے تجربہ کار اور باصلاحیت افراد کو کمیٹی کا رکن بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع وزیر آباد کے شہری اب وزیر اعلیٰ پنجاب کے صارف دوست قوانین سے براہِ راست مستفید ہو سکیں گے ۔انہوں نے منتخب اور سرکاری اراکین پر زور دیا کہ وہ ضلع وزیر آباد کے شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں فعال کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام اراکین کا تعارفی اجلاس جلد منعقد کیا جائے گا۔