ڈی سی نے سمبڑیال میں ماڈل فلاور مارکیٹ کا افتتاح کر دیا
ایسے منصوبے شہری ترقی‘روزگار کے مواقع اور بہتر ماحول کی ضمانت ہیں:صبا اصغر
سمبڑیال ،سیالکوٹ (سٹی رپورٹر ،نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے سمبڑیال میں پہلی ماڈل فلاور مارکیٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کے تحت شہر کے مختلف حصوں میں ریڑھیوں اور بینچوں پر پھول فروخت کرنے والوں کو ایک منظم اور خوبصورت فلاور مارکیٹ میں یکجا کر دیا گیا ۔اس منصوبے سے نہ صرف تجاوزات کا مؤثر خاتمہ ممکن ہوا بلکہ پھول فروشوں کو باعزت روزگار بھی میسر آیا جبکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی اور نظم و ضبط میں نمایاں اضافہ ہوا۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عدنان بشیر وڑائچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ویژن کو مزید آگے بڑھایا جائے گا تاکہ شہری علاقوں میں تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ خوبصورتی اور سہولتوں کو فروغ دیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے ماڈل منصوبے شہری ترقی، روزگار کے مواقع اور بہتر شہری ماحول کی ضمانت ہیں جنہیں دیگر علاقوں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ نے بتایا کہ فلاور مارکیٹ میں ایک درجن سے زائد کیبن شاپس بنائی گئی ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر اور ایس ڈبلیو ایم سی کاشف نواز رندھاوا بھی موجود تھے۔