گیپکو کے بیسٹ پر فارمنس ایوارڈ من پسند افسروں میں تقسیم، بیشتر ناراض، تقریب کا بائیکاٹ
شعبہ آپریشن کے ہر کیٹیگری کے افسر وں کو صرف ایک ایک ایوارڈ ، دیگر شعبوں کے ہر سربراہ اور ماتحت افسر وں کو نوازا گیا،کرنٹ سے اموات کے با وجود شعبہ ایچ ایس ای کے سربراہ بھی حقدار قرار
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گیپکو افسر وں کی نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں 65بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ من پسند افسر وں میں تقسیم،بیشتر افسر بندر بانٹ دیکھ کر تقریب چھوڑ کر چلے گئے ۔ گیپکو نے شعبہ آپریشن،شعبہ کمرشل، شعبہ کنسٹرکشن،میراڈ اور دیگر میں سالانہ نمایاں کارکردگی والے افسر وںکو بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب کا مقامی ہوٹل میں اہتمام کیا۔
شعبہ آپریشن کے ہر کیٹیگری کے افسر ان جن میں سپر نٹنڈنٹ انجینئر،ایکسین اور ایس ڈی اوز کو صرف ایک ایک ایوارڈ دیاگیا لیکن دیگر شعبوں کے ہر سربراہ اور ماتحت ایکسین لیول کے افسر وں کو نوازدیا گیا،اسی طرح گیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے موجودہ اور سابق دونوں پی ایس اوز کو نوازا گیا۔ کرنٹ لگنے سے لائن سٹاف اور شہریوں کی اموات کے متعدد واقعات کے با وجود گیپکو اتھارٹی نے ایچ ایس ای شعبہ کے سربراہ سمیت دوافسر وں کو بھی بیسٹ پرفارمنس کا حقدار بناکر ایوارڈ سے نواز دیا ۔ گیپکو کے اعلیٰ افسر وں کا کہنا ہے کہ ہر شعبہ سے الگ الگ فہرست منگوائی گئی جسکے پیش نظر حتمی فہرست کی منظوری دی گئی۔