ڈویژن بھر میں انسدادِ کوڑا کرکٹ مہم کا باقاعدہ آغاز
پہلے مرحلہ میں یونین کونسل سطح پر مساجد میں صفائی ستھرائی سے متعلق اعلانات
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اور سی ای او جی ڈبلیو ایم سی فرحان مجتبیٰ کی ہدایات پر ڈویژن بھر میں انسدادِ کوڑا کرکٹ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق اس مہم کے پہلے مرحلے میں یونین کونسل سطح پر مساجد میں صفائی ستھرائی سے متعلق اعلانات، نماز جمعہ کے خطبات میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں صفائی کی اہمیت کے اجاگر کی گئی، بس و ویگن اڈوں پر بھی آگایی پیغامات میگا فون کی مدد سے شہریوں تک پہنچائے گئے ، جمعہ کے روز مساجد اور امام بارگاہوں اور اطراف میں خصوصی صفائی ستھرائی آپریشن بھی جاری رہا۔ اس سلسلے میں جی ڈبلیو ایم سی کی صفائی ٹیموں نے ڈویژن کے مختلف علاقوں میں واقع مساجد کے گرد و نواح سے کوڑا کرکٹ، ملبہ ، نالوں کی صفائی کی اور ماحول کو جراثیم سے پاک بنانے کے لیے چونے اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ بھی کیا۔سی ای او جی ڈبلیو ایم سی فرحان مجتبیٰ نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کا مقصد شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مساجد ہمارے مذہبی و سماجی مراکز ہیں، لہٰذا ان کے اطراف صفائی کو اولین ترجیح دی گئی ہے تاکہ ماہ رمضان المبارک میں نمازیوں کو بہتر اور صاف ماحول میسر آ سکے ۔