رمضان میں مہنگائی نے متوسط طبقے کی کمر توڑ دی:ڈاکٹر طارق
اربوں ڈالر کے قرضے لینے کے باوجود ملک میں معاشی حالات بہتر نہ ہو سکے
گجرات (نامہ نگار )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ ریکارڈ قرضوں کے باوجود حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور رمضان المبارک میں مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے ، چکن، سبزیوں، دالوں اور پھلوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں جبکہ سرکاری دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں،اربوں ڈالر کے قرضے امریکی اور عالمی مالیاتی اداروں سے حاصل کرنے کے باوجود ملک میں معاشی حالات بہتر نہ ہو سکے ، وزیر اعلی پنجاب نے 11ارب روپے کا طیارہ خرید لیا، تاہم عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کی جا سکیں، اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، سبزیاں مہنگی جبکہ پھل عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں، ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ عوام کو ریلیف دینے کے اعلانات عملی اقدامات میں تبدیل ہوتے دکھائی نہیں دے رہے ۔