تتلے عالی:واٹر سپلائی کا منصوبہ فائلوں میں دفن
2مقامات پر ٹینک اور 7مقامات پر ٹیوب ویل لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ، بور کیلئے جگہ کی نشاندہی ،زیر زمین پانی کے نمونے حاصل کرنے کے با وجود عمل نہ ہوسکا
تتلے عالی(نامہ نگار )تتلے عالی میں واٹر سپلائی ٹینکی،ٹیوب ویل ، فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب پر عمل درآمد نہیں ہو سکا،ڈسپوزل سٹیشن کی اپ گریڈیشن اور سیوریج لائنوں کی صفائی بھی رک گئی۔ پنجاب حکومت نے تتلے عالی کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تین مختلف مقامات پر واٹر سپلائی ٹینکی جبکہ بی ایچ یو،نوشہرہ ورکاں روڈ نزد قبرستان،شیخوپورہ روڈ، کامونکی روڈپولیس سٹیشن اور لیڈیز پارک میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اورکرسچن قبرستان گوجرانوالہ روڈ،ملت سپورٹس کمپلیکس کامونکے روڈکے مقامات پر500سے 550فٹ گہرائی میں بور کرکے ٹیوب ویل لگائے کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔اس سلسلہ میں پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کی پراجیکٹ ڈائریکٹر میڈم آئرش نے دو سال قبل مارچ میں مذکورہ مقامات کا وزٹ کیا اور واسا ،پبلک ہیلتھ اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں کے ہمراہ تتلے عالی کے 15مختلف مقامات سے زیر زمین پانی کے نمونہ جات حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری کو بھجوا د ئیے تھے ،متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت کی وجہ سے دوسال گزرنے کے باوجود اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا بلکہ ڈسپوزل سٹیشن کی موٹروں کی تبدیلی اور سیوریج لائنوں کی صفائی پر بھی کام روک دیا گیا ۔اہل علاقہ نے اصلا ح و احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔