وزیرآباد :ذخیرہ اندوزی ،مصنوعی مہنگائی پر شہری نالاں
حکومت اور متعلقہ اداروں سے قیمتیں کنٹرول ، ذمہ داروں کیخلاف کارروا ئی کا مطالبہ
وزیرآباد(نامہ نگار)ماہِ صیام میں ذخیرہ اندوز ی اور مصنوعی مہنگائی پر شہریوں میں غم و غصہ پایاجارہاہے ۔ماہِ صیام رحمت، برکت اور غمخواری کا مہینہ ہے جس میں مسلمانوں کو صبر، ایثار اور دوسروں کی مدد کا درس دیا جاتا ہے مگر افسوس کہ اسی مقدس مہینے میں بعض ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور تاجر اشیائے خوردونوش کی مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتوں میں بے جا اضافہ کر دیتے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہِ رمضان میں غریب اور متوسط طبقہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہوتا ہے ، ایسے میں مصنوعی مہنگائی کرنیوالے تاجر عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیتے ہیں‘ حکومت اور متعلقہ ادارے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے ، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کریں ۔