ریجنل پو لیس آفیسر کی تھانہ واہنڈو ‘فیروزوالہ میں کھلی کچہری
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور پولیس و عوام کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانے کیلئے تھانہ واہنڈو اور تھانہ فیروزوالہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا،
کھلی کچہریوں میں متعلقہ سرکل کے پولیس افسر وں نے شرکت کی جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کر کے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز تفصیل کے ساتھ پیش کیں۔آر پی او نے شہریوں کے مسائل کو توجہ سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسر وں کو فوری اور میرٹ پر حل کیلئے واضح احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی بلاوجہ تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسر و اہلکار اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ایمانداری، دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان براہِ راست رابطہ عوامی اعتماد کے فروغ اور مؤثر پولیسنگ کی مضبوط بنیاد ہے ۔ شہریوں کے مسائل کا بروقت حل پولیس کی اولین ترجیح ہے ،کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔