پنڈی بھٹیاں: سیلابی ریلے میں بہنے والا پل 8 ماہ سے تعمیر کا منتظر ، آمدروفت شدید متاثر
مون سون بارشوں کے دوران موٹر وے ایم فور کے ساتھ سیم نالہ میں طغیانی سے پل مکمل بہہ گیا ، کاشتکار زرعی اراضی تک پہنچنے کیلئے طویل سفر پر مجبور ، اجناس منڈی تک پہنچانے میں مشکلات
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)گزشتہ برس مون سون بارشوں نے پنڈی بھٹیاں کے علاقہ میں وسیع پیمانے پر تباہی مچادی جس کے باعث موٹر وے ایم فور کے ساتھ سیم نالہ بھی شدید طغیانی کا شکار ہو گیا، پانی کے تیز ریلوں کے باعث سیم نالے پر قائم سروس روڈ کا پل مکمل طور پر بہہ گیا ،یہ پل مقامی آبادی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل تھا کیونکہ اسی راستے کے ذریعے درجنوں دیہات کے رہائشی زرعی زمینوں تک رسائی حاصل کرتے تھے اور زرعی اجناس منڈیوں تک پہنچاتے تھے ، پل کے تباہ ہونے کے باعث نہ صرف آمد و رفت کا نظام بری طرح متاثر ہوا بلکہ قریبی علاقوں میں سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل بھی بارشی پانی کی وجہ سے متاثر ہوئی اور اب گندم کی فصل بھی تباہ ہو رہی ہے جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور 8ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی پل کی تعمیر نہ ہو سکی ، پل کے تباہ ہونے کے بعد اس مقام پر متعدد ٹریفک حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں ۔ علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پل کو فوری طور پر تعمیر کرکے پریشانی سے نجات دلائی جائے ۔