ہیڈ ساگر تا ہیڈ چھناواں سڑک جلدشروع ہونے کا امکان
فنڈز موجود، ڈیزل اور کنٹریکٹر کے مسائل سے تعطل آیا، جلد کام شروع ہوگا :عدنان چٹھہ
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )ہیڈ ساگر تا ہیڈ چھناواں سڑک منصوبہ جلد دوبارہ شروع ہونے کا امکان پیداہوگیا ۔ ایم پی اے عدنان افضل چٹھہ کا کہنا ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی نہیں، ڈیزل اور کنٹریکٹر کے مسائل کے باعث عارضی تعطل آیا، چند روز میں کام بحال ہو جائیگا۔ تحصیل علی پورچٹھہ کی ترقی و خوشحالی میں گیم چینجر کی حیثیت رکھنے والے ہیڈ ساگر تا ہیڈ چھناواں براستہ علی پورچٹھہ سڑک منصوبے کی سست روی اور طویل تعطل پر شہریوں کے شدید احتجاج اور میڈیا رپورٹس کے بعد پی پی 36 کے رکن صوبائی اسمبلی عدنان افضل چٹھہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ منصوبے کیلئے فنڈز کی کمی نہیں اور حکومت کی جانب سے منصوبے کیلئے خاطر خواہ رقم مختص کی جا چکی ۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک کی تعمیراتی سرگرمیاں عارضی طور پر ڈیزل کی عدم دستیابی اور کنٹریکٹر کو درپیش بعض داخلی مسائل کے باعث متاثر ہوئیں تاہم یہ تعطل مستقل نوعیت کا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں اور کنٹریکٹر سے مسلسل رابطے میں ہیں اور امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں تعمیراتی کام دوبارہ پوری رفتار سے شروع ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ تحصیل علی پورچٹھہ، حافظ آباد، وزیرآباد اور گردونواح کے عوام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔