ڈپٹی کمشنر کا نو شہرہ ورکاں میں نالوں کی صفائی کا جائزہ
ماڈل بازار میں ترقیاتی کاموں کا معائنہ ، مقررہ مد ت میں تکمیل کی ہدایت
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر ،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر نوید احمد کا نوشہرہ ورکاں کا دورہ،نالوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کے جاری کام کا جائزہ ،ماڈل بازار کا بھی وزٹ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے نوشہرہ ورکاں اور تتلے عالی میں نالوں کی صفائی سمیت دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ستھرا پنجاب پروگرام کے کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ نالے کی مکمل صفائی اور ڈی سلٹنگ کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کیا جائے دورانِ معائنہ ڈپٹی کمشنر نے صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غفلت اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے متعلقہ افسر وں کو ہدایت کی کہ نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر بنانے اور صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی کے کام کی نہ صرف بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے بلکہ مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جائے۔ تاکہ بارشوں کے موسم میں شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے بعدازاں ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جمال کے ہمراہ زیر تعمیر ماڈل بازار نوشہرہ ورکاں کا بھی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبہ کو مقررہ مدت میں مکمل کرتے ہوئے تعمیراتی معیار پر خصوصی توجہ دی جائے ۔