گجرات:محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کی ہدایت
سڑکوں پر پیچ ورک، ٹھنڈے پانی کی فراہمی، تاروں کی منتقلی پر تبادلہ خیال
گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر نورالعین کی زیر صدارت محرم الحرام میں انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا، ضلع بھر کے جلوسوں اور مجالس کے لائسنس ہولڈرز نے شرکت کی۔ لائسنس ہولڈرز کی جانب سے روٹس کی مرمت، سڑکوں پر پیچ ورک، ٹھنڈے پانی کی فراہمی، ٹائم لائن کے مطابق انتظامات کی تکمیل، ٹیلی فون اور واپڈا کے تاروں کی منتقلی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں۔امام بارگاہ حسینیہ میں صدر میر جواد جعفری کی میزبانی میں اجلاس ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر نورالعین، ڈی پی او اختر فاروق، بانیانِ مجالس و جلوس، علمائے کرام، انجمن تاجران اور ضلعی انتظامیہ کے نمائند وں نے شرکت کی۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے تمام طبقات باہمی تعاون سے کردار ادا کریں گے۔