عالمی یوم انسداد چائلڈ لیبر پر آگاہی ریلی، حقوق کے تحفظ پر زور

 عالمی یوم انسداد چائلڈ لیبر پر آگاہی ریلی، حقوق کے تحفظ پر زور

بچوں کا اصل مقام تعلیمی ادارے ، فیکٹریوں اور ورکشاپس میں نہیں: مقررین

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) عالمی یومِ انسداد چائلڈ لیبر کے موقع پر محکمہ محنت پنجاب کے زیر اہتمام گوجرانوالہ میں ایک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد بچوں سے مشقت کے خاتمے ، ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور عوام میں شعور اجاگر کرنا تھا۔تفصیلات کے مطابق ریلی کا انعقاد ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر گوجرانوالہ ایسٹ محمد طیب ورک اور ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر گوجرانوالہ ویسٹ اسد علی کی جانب سے کیا گیا۔ ریلی سید انجینئرز سمال انڈسٹریز اسٹیٹ گوجرانوالہ سے شروع ہوئی، جس کی قیادت رکن صوبائی اسمبلی عمر فاروق ڈار نے کی۔ اس موقع پر صنعتی کارکنوں، مزدور رہنماؤں، سماجی شخصیات اور محکمہ محنت کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بچوں کو مشقت سے نجات دلانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ ہر بچے کو تعلیم، صحت اور محفوظ ماحول کی فراہمی ریاست اور معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے موجود قوانین پر مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہے کیونکہ بچوں سے مزدوری معاشرتی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے ۔ بچوں کا اصل مقام تعلیمی اداروں میں ہے ، فیکٹریوں اور ورکشاپس میں نہیں۔ انہوں نے عالمی یومِ انسداد چائلڈ لیبر کو شعور بیدار کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ محنت عوام میں چائلڈ لیبر کے خلاف مؤثر آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے ۔ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر ویسٹ اسد علی نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ محنت پنجاب چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں مزید مؤثر بنائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں