محکمے ترقیاتی فنڈز خرچ نہ کر سکے، ادویات، طبی آلات کی خریداری کیلئے 2 ہفتے کی مہلت
رواں مالی سال ختم ہونے میں دو ہفتے باقی، پنجاب حکومت نے تمام فنڈز لیپس کرنے کی وارننگ دیدی ،سرکاری محکموں نے ترقیاتی منصوبوں اور خریداری کی ادائیگی تیز کردی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)رواں مالی سال ختم ہونے میں دو ہفتے باقی، گوجرانوالہ ڈویژن کے 24 صوبائی محکموں کے سالانہ بجٹ کے کروڑوں روپے کے ترقیاتی اور دیگر فنڈز خرچ نہ ہوسکے ، پنجاب حکومت نے تمام محکموں کے ضلعی اور ڈویژنل سربراہوں کو ترقیاتی فنڈز اور خریداری کا عمل مکمل کرنے کیلئے 30 جون کی ڈیڈ لائن دیدی جس کے بعد تمام فنڈز لیپس کرنے کی وارننگ دیدی ،سرکاری محکموں نے ترقیاتی منصوبوں اور خریداری کی ادائیگی تیز کردی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت اور سول ہسپتال انتظامیہ نے سالانہ بجٹ میں تعمیر وترقی کے منصوبوں کے علاوہ طبی آلات اور ادویات کی خریداری کا عمل مکمل نہیں کیا اور کمپنیوں کو ادائیگی نہیں کی، اسی طرح محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ،فرنیچر کی خریداری اور مرمت مکمل نہیں کی، ہائی ویز ،جی ڈی اے ،واسا بلڈنگ وغیرہ،بلدیاتی اداروں کے منصوبوں کی تکمیل کے زیر استعمال ترقیاتی فنڈز بھی التوا کا شکار ہیں ۔پنجاب حکومت نے ڈویژنل ،ضلعی انتظامیہ کو تمام فنڈز کو30جون تک خرچ کرنے کا حکم دیاجس پر حکومتی اداروں نے کام تیز کردیا۔