517بھارتی سکھ یاتریوں کی گورودوارہ روہڑی صاحب آمد

 517بھارتی سکھ یاتریوں کی گورودوارہ روہڑی صاحب آمد

کمشنر، آر پی او ، ڈپٹی کمشنر ، سی پی او اور دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے شاندار استقبال

کامونکے‘گوجرانوالہ(نامہ نگار‘سٹاف رپورٹر ) بابا گورو ارجن دیو جی کی برسی کی تقریبات 2026میں شرکت کیلئے 517بھارتی سکھ یاتری فول پروف سکیورٹی انتظامات کے تحت گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد پہنچ گئے ، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی، آر پی او خرم شہزاد وڑائچ، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، سی پی او ڈاکٹر غیاث گل اور دیگر اعلیٰ حکام نے یاتریوں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔اس موقع پر کمشنر محمد علی نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی سہولت، سکیورٹی اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے تمام ممکنہ انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق یاتریوں کو ہر ممکن سہولت اور پُرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی مذہبی عبادات اور رسومات آزادی اور سکون کے ساتھ ادا کر سکیں۔آر پی او خرم شہزاد وڑائچ نے بتایا کہ یاتریوں کی حفاظت کے لیے جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے جبکہ گوردوارہ روہڑی صاحب اور اس کے اطراف میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی پی او ڈاکٹر غیاث گل نے بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسر وں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔سکھ یاتریوں نے پنجاب حکومت، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے مثالی انتظامات، بہترین سکیورٹی اور روایتی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں