ریڑھی بانوں کو سڑکوں پر تجاوزات سے گریز کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر کا سیٹلائٹ ٹاؤن ماڈل مارکیٹ کی اپ گریڈیشن ، سٹریٹ لائٹس کا جائزہ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے انفراسٹر کچر ڈویلپمنٹ پروگرام، سوہنا پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور خوبصورت پنجاب ویژن کے تحت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی، تاریخی ورثے کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے سیٹلائٹ ٹاؤن ماڈل مارکیٹ کا دورہ کرتے ہوئے جاری اپ گریڈیشن، ٹف ٹائلز کی تنصیب، سٹریٹ لائٹس، شجرکاری اور کارپٹنگ کے کاموں کا معائنہ کیا ، انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو جدید اور خوبصورت تجارتی ماحول میسر آئے گا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ بائی پاس روڈ چھچھروالی میں سوہنا پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واسا کی جاری واٹر سپلائی، سیوریج اور ڈرینیج سکیم کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تاریخی گھنٹہ گھر چوک کا دورہ کرکے تزئین و آرائش اور بحالی کے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سمیرا عنبرین سعید اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فوزیہ چیمہ بھی ہمراہ تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے چھچھروالی، نہر اپر چناب کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ نہر کنارے بھینسوں کا گوبر پھینکنے والے ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ پھل فروشوں اور ریڑھی بانوں کو سڑک اور نہر کے اطراف صفائی برقرار رکھنے اور تجاوزات سے گریز کرنے کی سخت تنبیہ کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ گندگی پھیلانے یا دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف جرمانوں اور قانونی کارروائی سمیت سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔