گجرات:مون سون ،ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیاریاں
اربن اور فلیش فلڈز کیلئے منصوبوں، انخلا پلانز، واٹر ریسکیو ٹریننگ کا جائزہ
گجرات (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر نورالعین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مون سون سیزن اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مختلف محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اے ڈی سی جی قرۃ العین، اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر سعدیہ ڈوگر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عمر اکبر علی گھمن، ایم ڈی واساکاشان حفیظ بٹ، ایکسین ایریگیشن اور دیگر متعلقہ افسر وں نے شرکت کی۔ریسکیو 1122 کی جانب سے ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان، اربن اور فلیش فلڈز کیلئے ہنگامی منصوبوں، انخلا پلانز، واٹر ریسکیو ٹریننگ، فلڈ فائٹنگ آلات کی تیاری، عوامی آگاہی مہمات اور 3 کامیاب فرضی مشقوں کے انعقاد بارے بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ تمام واٹر ریسکیو آلات، کشتیاں اور دیگر ضروری وسائل مکمل طور پر فعال اور تیار ہیں۔ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ نے حفاظتی پشتوں کے معائنے اور سیلابی پانی کے بہاؤ کو مؤثر انداز میں منظم کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ واسا کی جانب سے شاہپور، دیڈھڑ، معین الدین پور، نورا منڈیالہ، سوک کلاں، ارشد شہید چوک اور دیگر علاقوں میں آر سی سی کلورٹس، نالوں کی صفائی، ڈیسلٹنگ اور نکاسی آب کے منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کی تیاری پر اطمنان کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ اسی طرح پوری محنت سے تمام محکمے باہمی ربط کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں۔