پنڈی بھٹیاں :بجلی بندش پر احتجاج ،بائی پاس روڈ بند
بعض علاقوں میں 3روز سے بجلی غائب‘ نئے ٹر انسفارمز نہیں مل رہے :حکام
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )شہر کے مختلف علاقوں کی بجلی 3 روز سے بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کا صبر جواب دے گیا اور شہریوں نے بائی پاس بند روڈ پر شدید احتجاج شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں جن میں عثمان غنی ٹاؤن، علی ٹاؤن، بند روڈ، عاقل بازار اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بجلی کی طویل بندش برقرار ہے اور بجلی نہ ہونے سے پانی کا شدید بحران ہے ، بچے ، بزرگ اور مریض سخت اذیت میں مبتلا ہیں جس پر مشتعل شہری بجلی بحران کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجاً بائی پاس بند روڈ بلاک کر دیا ، مظاہرین ٹائر جلا کر شدید احتجاج کر رہے ہیں ، بائی پاس بند روڈ بند کردیا ۔بند روڈ کی بندش کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے مسافر پریشانی میں مبتلا رہے ، شہری گیپکوکے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سینہ کوبی کر تے رہے ۔اس سلسلہ میں ایس ڈی او گیپکو سب ڈویژن بلال نیازی کا کہنا ہے کہ متعدد ٹرانسفارمرز فنی خرابی کا شکار ہیں اور گوجرانوالہ سے نئے ٹرانسفارمر فراہم نہ ہونے کے باعث بحالی میں تاخیر ہو رہی ہے ۔