ریلوے پھاٹکوں کا مسئلہ ٹریفک جام کی بڑی وجہ:ڈاکٹر زاہد
شہر میں انڈر گرائونڈ ریلوے لائن اور فلائی اوور تعمیر کئے جائیں :میڈیا سے گفتگو
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)صدر پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن گوجرانوالہ ڈاکٹر میاں زاہد محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک کھرب روپے کی لاگت سے میٹرو بس منصوبے کیلئے انڈر گراؤنڈ ٹنل تعمیر کی جا سکتی ہے تو ریلوے لائن کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے انڈر گراؤنڈ ٹریک، فلائی اوور یا بائی پاس کے باہر سے نئی ریلوے لائن بچھانے جیسے متبادل منصوبوں پر کیوں غور نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ریلوے پھاٹکوں کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو پورا شہر شدید ٹریفک جام کا شکار ہو جائیگا۔ڈاکٹر میاں زاہد محمود نے کہا کہ ریلوے لائن پہلے ہی شہر کو دو حصوں میں تقسیم کئے ہوئے ہے۔
پھاٹک بند ہونے کے باعث روزانہ شدید ٹریفک جام رہتا ہے اور کئی مرتبہ ایمبولینسیں بھی گھنٹوں پھنس جاتی ہیں جس سے مریضوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے ۔ ایسے میں ضروری تھا کہ پہلے اس دیرینہ مسئلے کا پائیدار حل نکالا جاتا مگر میٹرو بس منصوبہ شروع کر دیا گیا۔انہوں نے تجویز دی کہ اگر واقعی شہریوں کو ٹریفک مسائل سے نجات دلانا مقصود ہے تو شہر کے اندر ریلوے لائن کو انڈر گراؤنڈ کیا جائے ،ریلوے ٹریک کیلئے فلائی اوور تعمیر کیا جائے ، اہم ریلوے پھاٹکوں پر انڈر پاسز بنائے جائیں،ریلوے لائن کو بائی پاس کے باہر سے منتقل کیا جائے تاکہ شہر کے اندر موجود ریلوے ٹریک کی وسیع اراضی دیگر ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں کی توسیع اور ماس ٹرانزٹ سسٹم کیلئے استعمال کی جا سکے ۔