امن دشمنوں کیلئے یہاں کوئی جگہ نہیں،وزیرداخلہ سندھ
دہشت گرد عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا ضیاالحسن لنجار کا سی ٹی ڈی ہیڈ آفس کا دورہ،آئی جی جاوید اوڈھو نے بریفنگ دی
کراچی (اے پی پی)وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے منگل کوکاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)سندھ کے ہیڈ آفس کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے وزیر داخلہ سندھ کو دہشت گردی کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، آپریشنل کارکردگی، محکمہ کی پیشہ ورانہ استعداد، مستقبل کی حکمت عملی اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشنز ون، ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشنز ٹو سمیت دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
وزیر داخلہ سندھ نے زور دیا کہ سی ٹی ڈی کو جدید اسلحہ، انٹیلی جنس، فرانزک اور تکنیکی سہولیات سے مزید مستحکم کیا جائے تاکہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے خلاف بلاامتیاز اور موثر کارروائیاں مزید تیز کی جاسکیں۔ضیا الحسن لنجار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے گا اور امن دشمن عناصر کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور حساس اداروں کے ساتھ بین الادارہ جاتی تعاون کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کا بروقت اور موثر خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر پوری قوت کے ساتھ برسرپیکار ہے ۔