وفاقی وزیر خزانہ سے بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات
مختلف شعبوں سے متعلق تجاویز ، برآمدات میں اضافے کیلئے ایجنڈا پیشدورہ آئندہ بجٹ کیلئے مشاورت کے آغاز کی علامت ہے ،محمد اورنگزیب
کراچی(بزنس ڈیسک)وقاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے پاکستان بزنس کونسل نے اپنی قیادت کے ہمراہ ملاقات کی اور نجی شعبے میں برآمدات میں اضافے کیلئے ایجنڈا پیش کیا۔کونسل کی جانب سے پیش کردہ اس ایجنڈے کا مقصد پاکستان میں مسابقت کو بہتر بنانا اور زرمبادلہ کے حصول کو تیز کرنا تھا۔کونسل کے ارکان کے ساتھ اس ملاقات کو سراہتے ہوئے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ دورہ آئندہ سال کے بجٹ کیلئے مشاورت کے آغاز کی علامت ہے ۔ چیئرپرسن ڈاکٹر زیلاف منیر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید قریشی کی قیادت میں وفد نے مختلف شعبوں سے متعلق تجاویز پیش کیں۔
ملاقات کے دوران کونسل نے برآمدات میں تیزی لانے کے لیے ایک ایسا منصوبہ پیش کیا جس میں وقت کا تعین کیا گیا تھا اور جس کے تحت نجی شعبہ 12 ماہ میں اندازاً 1.1 ارب سے 1.9 ارب ڈالرز تک اضافی برآمدات میں مدد دے سکتا ہے جبکہ جولائی سے دسمبر، 2026ء کے دوران 450 ملین سے 700 ملین ڈالر تک کی برآمدات کی جا سکتی ہیں۔ڈاکٹر زیلاف منیر نے برانڈ پاکستان کی تعمیر: پراسیسڈ فوڈ کی برآمدی صلاحیت کو بروئے کار لاناکے عنوان سے ایک پریذنٹیشن دی۔اس موقع پر جاوید قریشی نے کہا کہ پاکستان بزنس کونسل برآمدات پر مبنی ترقی پر یقین رکھتی ہے ۔ وفد میں مصدق ذوالقرنین، یعقوب احمد، مظفر پراچہ، ابرار حسن، خالد محمود، آصف پیر، عمر سعید، رضوان دیوان، بشیر علی محمد، محمد فیصل اور سید حیدر علی شامل تھے۔