نوجوانوں کی تربیت کیلئے ملک بھر ڈیجیٹل یوتھ ہبز بنا رہے، رانا مشہود
پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے مابین معاہدہ طے
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں ڈیجیٹل یوتھ ہبز قائم کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو جدید تربیت، روزگار کے بہتر مواقع، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے بارانی یونیورسٹی اور چائنہ کی زرعی جامعات کے مابین بھی زرعی تعمیر و ترقی اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے لئے اہم منصوبوں پر کام کیا جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے درمیان موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زراعت کے فروغ، مونگ پھلی کی ویلیو چین کو مضبوط بنانے اور دیہی آبادی کے معاشی حالات بہتر بنانے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا، اس موقع پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے، اس موقع پر پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر نادر گل بریچ، بارانی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان، رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج قومی وقار، استحکام اور دفاع کی علامت ہیں۔