جامکے چٹھہ:نکاسی آب نہ ہونے سے پانی گلیوں میں جمع
مکھی مچھر کی افزائش ، بیماریوں کا خدشہ،نالیوں کی صفائی یقینی بنائی جائے :شہری
جامکے چٹھہ(نامہ نگار )جامکے چٹھہ کادیرنہ مسئلہ نکاسی آب کا مؤثر انتظام نہ ہونے کے باعث آبادی میں گنداپانی نالیوں سے باہر نکل کر گلیوں میں پھیل رہا ہے ، اس صورتحال نے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی کو متاثر کیا ہے بلکہ شہریوں کیلئے شدید مشکلات بھی پیدا کر دی ہیں۔مقامی افراد کے مطابق ریلوے سٹیشن ریلوے لائن کے قریب اور پنڈ جامکی محلہ حویلی راناجمیل کے سامنے باؤ فیض جوئیہ والی گلی میں کئی روز سے کھڑا پانی تعفن پھیلا رہا ہے جس سے مچھر و مکھی کی افزائش میں تیزی آ گئی اورمختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ خصوصاً بچوں اور بزرگوں کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔
اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے ، نالیوں کی صفائی یقینی بنائی جائے اور جمع شدہ پانی کو فوری طور پر نکالا جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو مسئلہ مزید سنگین ہو سکتا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل ادارے فوری عملی اقدامات کریں تاکہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔