ملکے خورد میں نکاسی آب کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا

ملکے خورد میں نکاسی آب کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا

مون سون سے قبل پانی گلیوں میں پھیل گیا ،علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ملکے خورد کے علاقے میں نکاسی آب کا دیرینہ اور پیچیدہ مسئلہ شدت اختیار کر گیا ۔ مون سون بارشوں کی آمد سے قبل نالے کی صفائی نہ ہونے کے باعث پانی گلیوں میں پھیل گیا جس سے اہلِ علاقہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی رہائشیوں کے مطابق نالہ کچرے ، مٹی اور دیگر آلائشوں سے مکمل طور پر بند ہو چکا ہے جس کے باعث گندا پانی گلی میں جمع ہو کر تعفن پھیلا رہا ہے ۔ بدبو اور گندگی کی وجہ سے نہ صرف مکینوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گلی میں کھڑا گندا پانی بزرگوں، خواتین اور بچوں کیلئے آمدورفت کو انتہائی دشوار بنا چکا ہے ۔ لوگوں کو گھروں سے نکلنے اور واپس آنے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ قریبی مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے آنے والے نمازی بھی گندے پانی اور بدبو کے باعث اذیت میں مبتلا ہیں۔اہلِ علاقہ نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرائی جا چکی ہیں تاہم تاحال نالے کی صفائی یا نکاسی آب کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ شہریوں نے ڈائریکٹر جنرل واسا، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مون سون سیزن کے پیشِ نظر فوری ہنگامی بنیادوں پر نالے کی صفائی کرائی جائے ، جمع شدہ کچرا اور مٹی ہٹائی جائے اور نکاسی آب کا مؤثر انتظام یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں