شہر اقبال میں جدید الیکٹرو بسوں کی آزمائشی ڈرائیونگ

شہر اقبال میں جدید الیکٹرو بسوں کی آزمائشی ڈرائیونگ

آئندہ ہفتے افتتاح متوقع ، پہلے مرحلے میں 10بسیں 2روٹس پر چلائی جائینگی

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) شہر اقبال میں جدید الیکٹرو بسوں کو آزمائشی طور پر مختلف شاہراہوں پر چلایا گیا۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی مظفر حیات کے مطابق 10الیکٹرو بسیں گزشتہ ہفتے سیالکوٹ پہنچیں جنہیں آزمائشی مرحلے کے تحت خواجہ صفدر روڈ، پیرس روڈ، ڈرماں والا چوک اور کچہری چوک سے گزارتے ہوئے لاری اڈا تک چلایا گیا۔ سیکرٹری نے بتایا کہ الیکٹرو بس سروس کا باقاعدہ افتتاح آئندہ ہفتے متوقع ہے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اوکاڑہ، چنیوٹ ،لیہ اور سیالکوٹ میں الیکٹرو بسوں کے افتتاح کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ضلع کی تمام تحصیلوں کے درمیان مجموعی طور پر 45الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 4بسیں سیالکوٹ سے ڈسکہ اور 6 بسیں سیالکوٹ سے پسرور چلائی جائیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ الیکٹرو بس کا کرایہ 20روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ طلبہ، خواتین اور بزرگ شہریوں کیلئے سفر مفت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام بسیں ایئرکنڈیشنڈ ہیں اور ان میں مسافروں کی سہولت کیلئے مفت وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں