ڈسکہ میں صفائی ستھرائی نہ ہونے پر شہریوں کا اظہار تشویش

ڈسکہ میں صفائی ستھرائی نہ ہونے پر شہریوں کا اظہار تشویش

چھٹی کے بعد بھی خاکروب ڈیوٹی پر نہ پہنچے ،گلی محلوں میں کوڑے کے ڈھیر

ڈسکہ(نامہ نگار)ڈسکہ شہر اور گردو نواح میں ستھرا پنجاب ایجنسی کی مبینہ ناقص صفائی ،کار کردگی پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اتوار کی تعطیل کے بعد پیر کے روز بھی متعدد علاقوں میں خاکروب ڈیوٹی پر نہ پہنچے جس کے باعث گلی محلوں میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر جمع ہو گئے اور تعفن و بد بو سے ماحول آلودہ ہو رہا ہے ۔ شہریوں کے مطابق ڈسکہ کلاں ،پرانی کچہری، عوامی روڈ ،سوہاوہ وغیرہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کئی روز سے صفائی نہ ہونے کے باعث گندگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ نالیاں کچرے سے اٹی پڑی ہیں جبکہ گندے پانی کے جمع ہونے سے آمدورفت میں بھی شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ڈسکہ شہر و دیگر دیہات کے راستوں پر بھی کوڑا کرکٹ کے ڈھیر مسافروں اور راہگیروں کا استقبال کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مساجد کے اطراف نالیوں سے بہنے والا گندا پانی نمازیوں کیلئے بھی مشکلات پیدا کر رہا ہے لیکن متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات نظر نہیں آرہے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کے موجودہ نظام کا فوری جائزہ لیا جائے ، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور شہر میں روزانہ کی بنیاد پر مؤثر صفائی کو یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...