یومِ دفاع پر قلعہ سیالکوٹ میں ہلالِ استقلال پرچم کی تبدیلی
صوبائی وزیر منشا اﷲ ،ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کاشہداکو خراج ِعقیدت،کیک بھی کاٹا گیا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )یومِ دفاع پر قلعہ سیالکوٹ میں ہلالِ استقلال پرچم کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، مہمان خصوصی صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت منشا اﷲ بٹ تھے ۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی زیر صدارت تقریب میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر وقار خان، ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر)دوست محمد، اراکین صوبائی اسمبلی طارق سبحانی اور فیصل اکرام سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز صبح 9 بجے سائرن بجانے اور قومی پرچم لہرانے سے ہوا۔ اس موقع پر ملٹری بینڈ کی دھنیں اور ملی نغمے فضا میں گونجتے رہے ۔شرکاء نے وطن عزیز کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ منشا اﷲ بٹ نے خطاب کرتے کہا پاک فوج کی کامیابیوں کی داستانیں آج بھی ہمارے ذہنوں میں نقش ہیں۔ 6 ستمبر 1965ء کو فیلڈ مارشل ایوب خان کا خطاب ریڈیو پر سننے کیلئے شہری چوراہوں پر اکٹھے ہوتے تھے اور انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ شہری پل ایک پر پاک افواج کیلئے کھانا لے کر آتے تھے ،سیالکوٹ کے شہریوں نے اپنا سب کچھ پاک فوج کی نظر کر دیا تھا۔
وہ خود بھی سول ڈیفنس کی وردی پہن کر ڈیوٹی انجام دیتے رہے ۔اویس مشتاق نے کہا 6 ستمبر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ،ہماری بہادر افواج ہر لمحہ ملکی دفاع کیلئے تیار ہیں۔چونڈہ کا محاذ ہماری عسکری تاریخ کا درخشندہ باب ہے ۔1965ء کی جنگ میں سیالکوٹ کے غیور عوام نے پاک افواج کے شانہ بشانہ ملک کا دفاع کیا۔ بریگیڈیئر وقار خان نے کہا چونڈہ کا معرکہ جنگِ عظیم دوم کے بعد سب سے زیادہ خونریز جنگوں میں شمار ہوتا ہے اور اسی جنگ میں سیالکوٹ کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کے اعتراف میں شہر کو ہلالِ استقلال سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments