ایل پی جی مافیا کی لوٹ مار،سلنڈر2ہزار تک مہنگا فروخت

 ایل پی جی مافیا کی لوٹ مار،سلنڈر2ہزار تک مہنگا فروخت

وزیر آباد اور دیہی علاقوں کے رہائشیوں کا احتجاج ،سخت کارروا ئی کا مطالبہ

 وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شہر اورگردونواح میں ایل پی جی مافیا کی لوٹ مار ، فی سلنڈر 2000روپے تک زائد وصولی، شہری بے یار و مددگار ہوگئے ۔ شہر سمیت مضافاتی اور دیہی علاقوں میں ایل پی جی کے عام گھریلو سلنڈر کی مقررہ سرکاری قیمت کو ہوا میں اڑا دیا گیا ہے اور شہریوں سے فی سلنڈر 1500سے 2000 روپے تک زائد رقم وصول کی جا رہی ہے مگر ناجائز منافع خوری کو روکنے والا کوئی نہیں ۔سب سے زیادہ ابتر صورتحال دیہی علاقوں کی ہے جہاں گیس مافیا لوٹ مار کے تمام ریکارڈ توڑ رہا ہے ۔ دیہی علاقوں کے غریب اور محنت کش عوام لوٹ مار کی چکی میں بری طرح پس کر رہ گئے ہیں۔ گیس فروش نہ صرف مقررہ نرخوں سے کئی گنا زائد قیمت وصول کر رہے ہیں، بلکہ وزن میں کمی کر کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔شہریوں اور دیہی علاقوں کے رہائشیوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں ایل پی جی مافیا کی اس من مانی نے ان کا جینا دو بھر کر دیا ہے مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ متاثرین نے اعلیٰ حکام اور ضلع انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور غیر قانونی نیٹ ورک و ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...