میٹر و منصوبے پر کام تیز،2مقامات پر جی ٹی روڈ بند
اڑھائی کلو میٹر طویل سرنگ کی کھدائی کیلئے مشینری پہنچ گئی،جی ٹی روڈ کے متاثرہ حصوں پر بیریئر نصب ، ٹریفک کیلئے متبادل راستے ،27مارچ تکمیل کی ڈیڈ لائن
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ کے شہریوں کو جدید اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے 32 کلومیٹر طویل بی آر ٹی (میٹرو بس)منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ،اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے میں 2.4 کلومیٹر طویل زیرِ زمین ٹنل (سرنگ) کی تعمیر کا مرحلہ باقاعدہ طور پر شروع کیا جا رہا ہے جس کیلئے جی ٹی روڈ پر تمام تر تکنیکی تیاریاں اور مشینری کی منتقلی مکمل کر لی گئی۔ٹنل کے پہلے مرحلے میں کل 750میٹر طویل حصہ کھودا جائے گا۔ کھدائی کے عمل کا آغاز دو اہم شاہراہوں اور علاقوں سے ہو رہا ہے۔ اقبال ہائی سکول سے لے کر ریجنٹ سینما تک اور سٹی ٹریفک پولیس کے دفتر سے لے کر لیپاری ہوٹل تک کھدائی کی جائے گی ،بھاری مشینری کی آمد کے ساتھ ہی جی ٹی روڈ کے متاثرہ حصوں کو عام آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا اور متعلقہ مقامات پر حفاظتی بیریئرز نصب کر د ئیے گئے ہیں۔ شہریوں اور ڈرائیوروں کی سہولت کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک کے بہاؤ میں کم سے کم خلل پڑے ۔وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی اعلیٰ کوالٹی اور مقررہ وقت پر تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے مارچ 2027 کی حتمی ڈیڈ لائن جاری کی ہے ۔ حکام کے مطابق میٹرو بس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو نہ صرف اندرونِ شہر تیز رفتار اور سستا سفر میسر آئے گا بلکہ جی ٹی روڈ پر ٹریفک کے دباؤ اور ہجوم سے بھی مستقل نجات مل سکے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments