محکموں کے اضافی اخراجات کم کرنے کا منصوبہ
حکومت نے ڈویژن کے محکموں کوغیر ضروری فنڈزخرچ کرنے سے روک دیا ،افسر وں کی رہائش گاہوں کی تزئین وآرائش نہیں ہوگی ،بیرون ملک علاج پر پابندی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ڈویژن کے محکموں کوغیر ضروری فنڈزخرچ کرنے سے روک دیا اوررواں مالی سال میں سرکاری وسائل کا بے جا استعمال بند کرکے تمام محکموں کے اضافی اخراجات کوکم کرنے کیلئے نیا منصوبہ تیار کرلیا، بڑے ترقیاتی منصوبے شروع ہونے سے دیگر ترقیاتی فنڈز اور غیر ضروری فنڈز کا استعمال روکاگیا۔سرکاری افسر وں پر حکومتی فنڈز سے بیرون ممالک دورے اور طبی علاج کروانے پر پابندی عائد کرد ی ،سرکاری خزانہ میں فضول خرچی پر قابو پانے کیلئے پلان تشکیل دے دیا ،سرکاری افسر وں کی رہائش گاہوں کی تزئین وآرائش بھی نہیں ہوگی، خالی سیٹوں پر نئی بھرتی کیلئے بھی پابندی عائد رہے گی تاہم بعض سیٹوں کی اپ گریڈیشن متعلقہ اتھارٹی کرسکتی ہے ، ضروری اخراجات کیلئے پری آڈٹ ضروری کروانا ہوگا ،پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ڈویژن سمیت دیگر اضلاع کے صوبائی محکمہ جات کے سربراہان ،ضلعی وڈویژنل انتظامیہ کو حکم جاری کردیا کہ سرکاری محکمہ جات میں ترقیاتی منصوبوں ،خریداری اور دیگرا خراجات کی جانچ پڑتال کے بعد اضافی اخراجات کو بند کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments