کامونکے :مین بازار میں تجاوزات کیخلاف کارروائی کا آغاز
فٹ پاتھوں اور گزرگاہوں پر تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی:اے سی
کامونکے (تحصیل رپورٹر )مین بازار میں تجاوزات کے خلاف کارروائی، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر زرغونہ خالد سعید کا دورہ، متعلقہ عملہ کو فوری تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کر دی ۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر زرغونہ خالد سعید نے مین بازار کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر تجاوزات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بازار میں دکانداروں اور دیگر افراد کی جانب سے قائم کی گئی تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ عملہ کو ہدایت کی کہ مین بازار سے تجاوزات کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بازاروں میں سرکاری حدود، فٹ پاتھوں اور گزرگاہوں پر کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بازار میں صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر زرغونہ خالد نے فوڈ سٹریٹ میں زیر تعمیر سہولت بازار کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ سہولت بازار کی تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور کام کو مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments