جامکے چٹھہ :ڈمپرز کی بھرمار ، اوور لوڈنگ سے سڑک برباد
وزیرآباد براستہ جامکے چٹھہ تا رسول نگرکوٹ ہرا روڈ پر گڑھے ، حادثات کا خدشہ
جامکے چٹھہ (نامہ نگار )ہیوی ڈمپرز کی یلغار، وزیرآباد براستہ جامکے چٹھہ تا رسول نگرکوٹ ہرا روڈ تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ،چند سال قبل تعمیر ہونے والی شاہراہ جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ وزیرآباد سے براستہ جامکے چٹھہ تاشہر رسول نگر اور کوٹ ہراجانے والی اہم شاہراہ ہیوی لوڈر ڈمپرز کی دن رات جاری آمدورفت کے باعث برباد ہونے لگی ، سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کے با عث شہریوں، مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق شاہراہ پر معمول سے ڈمپرز کی بڑی تعداد دن رات رواں دواں رہتی ہے جس کے باعث سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر گڑھے بن چکے ہیں۔ سڑک کی خراب حالت کے باعث گاڑیوں کی رفتار متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ٹریفک حادثات کا خدشہ بھی بڑھ گیا۔ شہریوں نے متعلقہ محکمہ ہائی ویز، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرآباد تا رسول نگر روڈ پر ہیوی لوڈر ڈمپرز کی آمدورفت اور اوورلوڈنگ کی مؤثر نگرانی کی جائے ، وزن کی مقررہ حد کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور سڑک کے متاثرہ حصوں کی مرمت کرائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments