پلوں کے نیچے منشیات کے عادی افراد کے ڈیرے، متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
بعض میڈیکل سٹورز اور مبینہ منشیات کے اڈوں پر بھی نشہ آور ادویات کی فروخت کی شکایات ، متعلقہ اداروں کی سرگرمیاں دکھائی نہیں دے رہیں، حکام سے نو ٹس کا مطالبہ
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )مختلف علاقوں میں پلوں کے نیچے اور سڑکوں کے کنارے منشیات کے عادی افراد نے مستقل ٹھکانے بنا لیے ، جبکہ منشیات کی آسان دستیابی کے باعث نشہ کرنے کے رجحان میں کمی نہ آ سکی۔ متعلقہ اداروں کی کارروائیاں سیمینارز اور کاغذی رپورٹس تک محدود ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات کے عادی افراد سرعام نشہ آور اشیا استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ دوسری جانب بعض میڈیکل سٹورز اور مبینہ منشیات کے اڈوں پر بھی نشہ آور ادویات کی فروخت کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، تاہم مؤثر کارروائی نہ ہونے سے صورتحال جوں کی توں ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف کارروائی، روک تھام اور بحالی کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی سرگرمیاں عملی طور پر دکھائی نہیں دے رہیں۔
منشیات کے عادی افراد سڑکوں، پلوں کے نیچے اور دیگر عوامی مقامات پر سرعام نشہ کرتے ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی گاڑیاں بھی ان مقامات سے گزرتی رہتی ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کو تحویل میں لے کر ان کے علاج اور بحالی کے لیے مراکز میں منتقل کیا جائے ، جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ شہریوں کے مطابق منشیات کی فروخت اور استعمال کے سدباب کے لیے محض سیمینارز کے بجائے مستقل بنیادوں پر مؤثر کارروائی اور نگرانی ضروری ہے تاکہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے منشیات کے رجحان پر قابو پایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments