اہلیہ پر تشدد ،ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی در خواست مسترد

اہلیہ پر تشدد ،ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی در خواست مسترد

عدالت نے ملزم طیب کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیدیا

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ نے بیوی عروج پر مبینہ تشدد اور قینچی سے وار کر کے زخمی کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم طیب منان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی درخواست مسترد کر دی، عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔ مقدمہ میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر صدر گوجرانوالہ پولیس نے ملزم طیب منان کو جوڈیشل مجسٹریٹ عثمان محمود کی عدالت میں پیش کیا اور مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم اور زخمی عروج کے ڈی این اے نمونے حاصل کرکے پروفائلنگ کرانا مقصود ہے ۔ ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم پہلے ہی مجموعی طور پر 8 روز سے حراست میں ہے ، ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ ضروری نہیں۔مدعی کے وکیل نے پولیس کی درخواست کی حمایت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ واقعہ میں عروج کو متعدد چوٹیں آئیں، اس لئے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کیلئے ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے ۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ ملزم پہلے ہی 8 روز سے جسمانی ریمانڈ پر ہے جبکہ پولیس نے ڈی این اے پروفائلنگ کیلئے مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست میں ٹھوس وجہ بیان نہیں کی۔ عدالت نے ملزم طیب منان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...