ایل پی جی 320کے بجائے 500روپے کلو تک فروخت
ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے میں ناکام، شہری پریشان
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں ایل پی جی مہنگے داموں فروخت ہونے لگی ،ایل پی جی 320روپے فی کلو گرام سے بڑھ کر 500سے 600روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے ،ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فروخت یقینی بنانے میں ناکام ،گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ رکشہ ڈرائیورز بھی مہنگی ایل پی جی کے باعث مشکلات بڑھ گئیں ۔ سردیوں کی آمد سے قبل گیس کا کم پریشر شہریوں کیلئے وبال جان بن گیا،شہریوں نے متبادل ایندھن کے طور پر ایل پی جی کا استعمال بڑھا دیا ہے لیکن قیمت میں ریکارڈ اضافہ شہریوں کیلئے اذیت بن گیا۔
ایل پی جی کا سرکاری ریٹ 320روپے فی کلو گرام ہے لیکن گوجرانوالہ میں کسی بھی جگہ اس ریٹ پر ایل پی جی فروخت نہیں ہو رہی ،فی کلو 500سے 600روپے مل رہی ہے ۔ایل پی جی کا 11-8 کلو والے سلنڈر کا سرکاری ریٹ 3250روپے ہے لیکن دکاندار 5580روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ایل پی جی کا استعمال بڑھ گیا لیکن مہنگی ہونے کے با عث پہنچ سے دور ہو رہی ۔ رکشہ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ ایل پی جی مہنگی ملنے کی وجہ سے کرایہ بڑھا یاہے لیکن سواری کرا یہ زیادہ ہونے کی وجہ سے رکشے میں نہیں بیٹھتی ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مہنگے داموں ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments