سیالکوٹ 3:روز کے دوران 39مقدمات درج، 39 ملزم گرفتار
ون ویلنگ کے 16، ناجائز اسلحے کے 13، منشیات کے 8مقدمات کااندراج
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) سیالکوٹ پولیس نے ون ویلنگ، منشیات فروشی، ناجائز اسلحے اور جعلی نمبر پلیٹوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے تین روز میں 39 مقدمات درج کرکے 39 ملزمان کو گرفتار کر لیا،پولیس کے مطابق ون ویلنگ کے 16، ناجائز اسلحے کے 13، منشیات کے 8 جبکہ شراب اور جعلی نمبر پلیٹ کے ایک ایک مقدمے کا اندراج کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران منشیات اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ون ویلنگ کے خلاف کارروائیوں میں تھانہ اگوکی، ہیڈ مرالہ، نیکاپورہ اور سمبڑیال میں دو، دو مقدمات جبکہ کینٹ، رنگپورہ، صدر ڈسکہ، ایئرپورٹ، سبز پیر، پھلورہ اور مرادپور میں ایک، ایک مقدمہ درج کیا گیا۔ناجائز اسلحے کے خلاف 13 مقدمات درج کیے گئے ۔ تھانہ سول لائن، کینٹ، مرادپور، نیکاپورہ، کوٹلی لوہاراں، اگوکی، سٹی ڈسکہ، موترہ، سمبڑیال اور بیگووالہ پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے پستول، ریوالور اور گولیاں برآمد کیں۔ منشیات کے خلاف 8 مقدمات درج کرکے چرس اور آئس برآمد کی گئی۔ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا کہ ون ویلنگ جیسے جان لیوا عمل، منشیات فروشی، ناجائز اسلحے اور قانون شکنی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا۔ نوجوان نسل کا تحفظ، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور سڑکوں پر محفوظ ماحول کی فراہمی سیالکوٹ پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments