فیڈریشن پنجاب بورڈز کی رانا سکندر سے ملاقات، اہم گفتگو

 فیڈریشن پنجاب بورڈز کی رانا سکندر سے ملاقات، اہم گفتگو

ہم بورڈ ایکٹ میں ترمیم کر رہے نہ بورڈزسے رقم لے رہے :وزیر تعلیم

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)چیئرمین فیڈریشن پنجاب بورڈز ملک نثار کی قیادت میں فیڈریشن کے ایک نمائندہ وفد نے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کے تعلیمی بورڈز کو درپیش مختلف انتظامی، مالی اور ملازمین سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفد میں پنجاب بورڈز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری عمران یونس گجر اور پنجاب بورڈز فیڈریشن کے فنانس سیکرٹری شیخ عمران حسین پنجتنی بھی شریک تھے ۔ ملاقات کے دوران چیئرمین فیڈریشن ملک نثار نے تعلیمی بورڈز کو درپیش مسائل، بالخصوص بورڈز کے مالی وسائل، فنڈز کی فراہمی اور ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر وزیر تعلیم پنجاب کی توجہ مبذول کروائی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بورڈز کے فنڈز کے حوالے سے ملک نثار کو مکمل یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم بورڈ کے ایکٹ میں کوئی ترمیم نہیں کر رہے اور نہ ہی بورڈوں سے کوئی رقم لے رہے ہیں ،حکومت بورڈز کے معاملات اور مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے چیئرمین فیڈریشن کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ وہ بورڈز کے تمام مسائل اور معاملات کے سلسلے میں ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ مسائل کو بروقت سمجھ کر ان کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ وزیر تعلیم نے چیئرمین فیڈریشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے بازو ہیں۔ بورڈز کے ملازمین کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے جو بھی تجاویز اور اقدامات آپ مناسب سمجھیں، میرے علم میں لائیں تاکہ ان پر عملی طور پر کام کیا جا سکے ۔ملاقات میں پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے ملازمین کی تنخواہوں میں یکسانیت لانے کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...