گوجرانوالہ : 18 ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان : مریض بے سہارا ڈاکٹرز، عملہ لاتعلق
ضلعی انتظامیہ کے ہنگامی دوروں کے باوجود 2ڈی ایچ کیو‘ 1چلڈرن‘ 3ٹی ایچ کیو ہسپتالوں‘ 12رورل ہیلتھ سنٹرز کی حالت بہتر نہ ہوسکی ڈی سی، ا ے سی پروٹوکول کیساتھ دوروں پر فوٹوسیشن میں مصروف، بستر ،رضائیوں، ہیٹر ودیگر سہولیات کی رپورٹ ارسال کی جانے لگی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) گوجرانوالہ اور گردونواح کے علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے ہنگامی دوروں کے باوجود ضلع گوجرانوالہ کے 2 ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال، ایک چلڈرن ہسپتال، تین ٹی ایچ کیو اور 12 رورل ہیلتھ سنٹرز کی حالت بہتر ہوسکی اور نہ ہی انتظامی امور کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوسکے ،طبی سہولیات کا بحران برقرارہے جبکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا مریضوں کے ساتھ ناروا رویہ اور بدسلوکی کے واقعات میں بھی کمی نہ آسکی ۔ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف مریضوں کی بجائے موبائل فونز اور خوش گپیوں کو ترجیح دینے لگے۔
پنجاب حکومت نے ضلعی افسران اور محکمہ صحت کے افسران کو سرکاری ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں اچانک دن اور رات کے اوقات چھاپے مارنے کا حکم دے دیا تھااور موسم سرما میں گرم بسترے ،ہیٹر اوردیگر سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ضلعی انتظامیہ کے ہرآفیسر اور سی ای او ہیلتھ کیلئے ایک ماہ میں ہر ہسپتال اور مراکز صحت کا وزٹ لازمی قرار دے دیا ۔غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی کی وارننگ دے دی گئی تھی۔
اس سلسلہ میں پنجاب حکومت کی جانب سے محکمہ صحت کے افسران ،میڈیکل سروسز افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں، تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں،تمام رورل ہیلتھ سنٹرز کا ہر ہفتے میں کم از کم ایک بار اور تمام بنیادی مراکز صحت کا ایک ماہ میں کم از کم ایک باردورہ کریں ۔محکمے کے دیگر افسران کی ڈیوٹیاں بھی اس سلسلے میں لگائی گئیں، جس کے بعد ڈپٹی کمشنراور اسسٹنٹ کمشنرز صرف سرکاری پروٹوکول کے ساتھ ہسپتالوں اور مراکز صحت کے دورے کرکے فوٹوسیشن کروانے میں مصروف ہیں، تاہم گرم بسترے ،رضائیاں،ہیٹر اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بناکر رپورٹ ارسال کی جانے لگی۔ رات کے اوقات میں ہر ہسپتال اور مراکز صحت میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف مریضوں کی بجائے موبائل فونز اور خوش گپیوں کو ترجیح دینے لگے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments