چرچ کے گیٹ پر گاڑی پارک کرنے کے تنازع میں شدت
پادری عارف کی درخواست پر سعید بھٹہ، رضوان گل سمیت نامعلوم وکلا پرمقدمہ
گوجرانوالہ ( سٹاف رپورٹر ) گوجرانوالہ میں چرچ کے گیٹ کے سامنے گاڑی پارک کرنے سے متعلق شروع ہونے والا تنازع شدت اختیار کر گیا، تھانہ سول لائنز پولیس نے چرچ کے پادری عارف مسیح کی درخواست پر ممبر پنجاب بار کونسل سعید بھٹہ، رضوان گل ، احمد خان ، عامر بٹ اور بدر ایڈووکیٹس سمیت 10/11 نامعلوم وکلاء کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ممبر پنجاب بار کونسل سمیت چار وکلاء نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت سے عبوری ضمانت کروا لی ۔ پنجاب بار کونسل نے وکلا کیخلاف درج مقدمہ کے فوری اخراج کا مطالبہ کر دیا ۔ ایف آئی ار میں تلخ کلامی، دھمکیوں اور تشدد اور توڑ پھوڑ سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقدمے کے اندراج پر پنجاب بار کونسل نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذمتی قرارداد منظور کر لی ۔ مذمتی قرارداد میں مقدمے کے اندراج پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے ۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیاکہ ممبر پنجاب بار کونسل اور دیگر وکلا کیخلاف درج مقدمہ انتہائی قابلِ افسوس ہے اور اس معاملے پر وکلا برادری میں تشویش پائی جاتی ہے ۔پنجاب بار کونسل نے ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نامزد وکلا کیخلاف درج ایف آئی آر خارج کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔دریں اثناء ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ فیصل جمیل نے ممبر پنجاب بار کونسل سعید بھٹہ ، رضوان گل، احمد خان اور عامر بٹ ایڈووکیٹس کی عبوری ضمانت 14 دسمبر تک منظور کرتے ہوئے تھانہ سول لائن پولیس سے مقدمہ کا تفصیلی ریکارڈ 14 دسمبر کو طلب کر لیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments