ریجنل ٹریننگ سینٹر گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام تربیتی ورکشاپس

ریجنل ٹریننگ سینٹر گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام تربیتی ورکشاپس

پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ وقت کی ضرورت،آر پی او

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)ریجنل ٹریننگ سینٹر گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام پولیس افسران و اہلکاروں کی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ کی خصوصی ہدایات پر ریجنل ٹریننگ سینٹر گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کے آڈیٹوریم ہال میں پولیس افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہیڈ کانسٹیبل سے ڈی ایس پی رینک تک کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ورکشاپ کے دوران خواتین، بچوں اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات پر تشدد کی روک تھام میں پولیس کے کردار، متاثرہ افراد کو فوری تحفظ اور قانونی معاونت کی فراہمی سمیت خصوصی جنسی و صنفی بنیادوں پر تشدد جیسے اہم موضوعات پر تربیتی سیشنز منعقد کیے گئے ۔ اس موقع پرڈی ایس پی لیگل فیصل گورائیہ اور دیگر ماہرین نے شرکاء کو مختلف موضوعات پر لیکچرز دئیے اور حساس جرائم سے نمٹنے کے قانونی تقاضوں، مؤثر تفتیش اور متاثرین کے ساتھ پیشہ ورانہ رویے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ کا کہنا ہے کہ پولیس فورس کی مسلسل تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ایسے تربیتی پروگرامز سے پولیس اہلکاروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور بالخصوص خواتین، بچوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کو بہتر تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...