کمپریسر کا استعمال: 100 سے زائد گھروں کے گیس میٹر منقطع
سوئی ناردرن گیس کمپنی کی باغبانپور، گرجاکھ، ماڈل ٹاؤن، پیپلز کالونی، مسلم ٹاؤن اور دھلے میں کارروائیاں ،شہریوں سے کمپریسر استعمال نہ کرنے کی اپیل
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) گیس کا پریشر بڑھانے کے لیے کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف سوئی ناردرن گیس کمپنی کی ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹیموں نے نومبر کے دوران کمپریسر استعمال کرنے والے 100 سے زائد گھروں کے میٹر اتار کر کنکشن منقطع کر دیئے ،بتایا گیا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے کمپریسر کے بڑھتے ہوئے غیر قانونی استعمال کی روک تھام کیلئے سات ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں، جنہوں نے شہر کے مختلف علاقوں باغبانپور، گرجاکھ، ماڈل ٹاؤن، پیپلز کالونی، مسلم ٹاؤن اور دھلے میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ماہ کے دوران 100 سے زائد گھروں کے گیس میٹر اتارے ۔ کمپریسر کے استعمال کے باعث دیگر شہریوں کو گیس کے کم پریشر کا سامنا تھا اور گلی محلوں میں لگائے گئے کمپریسرز کی وجہ سے بعض گھروں تک گیس نہیں پہنچ پا رہی تھی۔ سوئی گیس حکام کے مطابق کمپریسر استعمال کرنے سے دیگر صارفین کو مطلوبہ پریشر پر گیس نہیں ملتی، اس لیے کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جا رہی ہے ۔ جن صارفین کے میٹر اتارے گئے ہیں، انہیں بھاری جرمانے کیے جائیں گے جبکہ ان کے میٹر سردیوں کے بعد دوبارہ نصب کیے جائیں گے ۔ سوئی گیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گیس کا پریشر بڑھانے کے لیے کمپریسر استعمال کرنے سے گریز کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments