طلبہ کی تربیت ، کردار سازی انکی تعلیم کا لازمی جزو ہے، میاں صدیق

 طلبہ کی تربیت ، کردار سازی انکی  تعلیم کا لازمی جزو ہے، میاں صدیق

انجمن فیض الاسلام کے صدر میاں محمد صدیق اکبر نے کہا ہے کہ درس و تدریس کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت اور کردار سازی ان کی تعلیم

راولپنڈی (دنیارپورٹ) کا لازمی جزو ہے جس کے بغیر طلبہ کی شخصیت کی تکمیل ممکن نہیں اور بدقسمتی سے ہمارے بچوں کے والدین اور اساتذہ دونوں نے اس پر توجہ دینا چھوڑ دی ہے ۔ تربیت کا فقدان طلبہ میں وہ اوصاف پیدا نہیں ہونے دے رہا جو اسلام کی اخلاقی اقدار کہلاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹرک کے طلبہ کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انجمن کے سنئیر نائب صدر پروفیسر عزیز ہاشمی ،مسز تسلیم منصور ، سکول کے پرنسپل غلام جیلانی ، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انجمن فیض الاسلام کے سکول سے میٹرک کے امتحان میں شامل ہونے کے سبب فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں نہم کلاس کے سٹوڈنٹس کی جانب سے منعقدہ اس خصوصی تقریب میں طلبہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ میاں محمد صدیق اکبر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کسی بھی مرحلے پر کتاب بالخصوص قرآن مجید سے اپنا ناطہ نہ توڑیں اور اسلام کی اخلاقی اقدار سے شعور و آگاہی حاصل کرکے انہیں اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔ اگر وہ ایسا کریں گے تو کبھی ناکام نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے دو اصول محنت اور دیانت کسی بھی شخص کو ناکامی کے گڑھے میں گرنے نہیں دیتے اور جہاں محنت و دیانت کے ساتھ قابلیت بھی یک جا ہو جائے تو پھر کامیابی کی معراج کو چھونا مشکل نہیں رہتا ۔ انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں فنی تعلیم کی بہت بڑی اہمیت ہے ۔ بہت سارے بیچلر اور ماسٹر ڈگری ہولڈر اپنی ڈگریاں اٹھائے ہوئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اس لئے طلبہ کو چائییے کہ وہ اپنے ذہنی میلان کے مطابق کسی بھی شعبے میں فنی تعلیم و تربیت سے بھی اپنے آپ کو لیس کریں تاکہ عملی زندگی میں وہ کامیاب ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انجمن فیض الاسلام فیض آباد مرکز اور مندرہ کیمپس میں انجنئیرنگ سمیت متعدد شعبوں میں شارٹ کورسز سے لیکر تین سالہ انجنئیرنگ ڈپلومہ کورسز کروائے جاتے ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر عزیز ہاشمی نے کہا کہ انجمن فیض الاسلام کے تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ ہمارا اثاثہ ہیں اور ان کا تعلق کبھی اس ادارے سے ختم نہیں ہوگا ۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ کبھی بھی محنت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور تعلیم کے حوالے سے قرآن مجید کی اولین ترین آیت ’’اقراء ‘‘ سے راہنمائی لیں جس میں بڑی طاقت ہے ۔ تقریب سے مسز تسلیم منصور اور پرنسپل غلام جیلانی نے بھی خطاب کیا جبکہ نہم جماعت اور فارغ التحصیل ہونے والے میٹرک کے طلبہ نے اپنے جذبات کا تبادلہ کرتے ہوئے انجمن فیض الاسلام کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں