جماعت اسلامی کی پالیسی درست سمت جارہی، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کی پالیسی درست سمت جارہی، لیاقت بلوچ

افغانستان میں اللہ نے افغانوں کو بڑی کامیابی دی ، کارکنوں سے خطاب

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وقت اور حالات طے کر رہے ہیں کہ جماعت اسلامی کی حکمت عملی اور پالیسی درست سمت میں جارہی ہے ۔ افغانستان میں اللہ نے افغانوں کو بڑی کامیابی دی ،نہتے افغانوں نے دنیا کی بڑی قوت کو مٹی چاٹنے پر مجبور کیا،یہ اس بات کی علامت ہے کہ دنیا میں امریکی نظام جبراور مظالم کی ہیبت ریت کی دیوار ثابت ہوئی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر میں سید علی گیلانی کی المناک موت نے جہاں ایک طرف بھارتی سورمائوں پر لرزہ طاری کیا وہیں کشمیریوں کے جذبہ حریت کو زندہ کردیا، یہ بات انھوں نے کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیاب ہونے والے جماعت اسلامی کے نومنتخب امیدواروں اور جماعت اسلامی کے تمام امیدواروں،سیاسی کمیٹی کے اراکین اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کے جنرل سیکرٹری اقبال خان نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی،امیر ضلع راولپنڈی عارف شیرازی، نائب امیر رضا شاہ، ہارون الرشید نومنتخب اراکین مرزا خالد محمود اور یاسر قریشی نے بھی خطاب کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں