سکول وکالج بس سروس معطل،طالبات کوشدیدپریشانی

سکول وکالج بس سروس معطل،طالبات کوشدیدپریشانی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وفاقی دارالحکومت میں فیڈرل ڈائر یکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ماتحت سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کی سہو لت کئے چلائی جانے والی بس سروس بعض سکولوں میں اچانک تعطل کا شکار ہوگئی۔

 طلبا بالخصوص طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، والدین سراپا احتجاج ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف ڈی ای کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سکول بسوں کو چلانے کے لئے فنڈز ختم ہو چکے ہیں ، ان حالات میں بس سروس بحال رکھنا ممکن نہیں ہے ، پٹرول کا خرچہ پورا نہیں ہو رہا۔ والدین نے اس اچانک فیصلے پر حیرت اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب جبکہ بچوں کے سالانہ امتحانات قریب ہیں ، ایسے میں طلبا خاص طورپر طالبات کو بس کی سہولت سے محروم کرنابچیوں کی پڑھائی متاثر کرنے کے مترادف ہے ۔اس اقدام سے نہ صرف بچوں کی پڑھائی متاثرہ ہورہی ہے بلکہ والدین بھی ذہنی تنائو کا شکار ہیں جبکہ معاشی حالات پہلے ہی دگر گوں ہیں۔ والدین نے ایف ڈی ای، وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سے مطالبہ کیا ہے کہ سالانہ امتحانات تک بس سروس فوری بحال کی جائے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں