راولپنڈی ریلوے سٹیشن:سکیورٹی کیمرے، سکیننگ مشین خراب

راولپنڈی ریلوے سٹیشن:سکیورٹی کیمرے، سکیننگ مشین خراب

راولپنڈی (خاور نواز راجہ) ریلوے سٹیشن راولپنڈی میں سکیورٹی کے ناقص انتظامات ،سی سی ٹی وی کیمرے اور سکیننگ مشین خراب، مسافروں کی زندگیاں دائو پر لگ گئیں۔

بم ڈسپوزل یونٹ کا انسپکٹر مبینہ ملی بھگت سے ہوم سٹیشن سکھر ڈویژن میں ڈیوٹی پر مامور ہونے کا انکشاف ہوا، ایس پی ریلوے کی اسامی بھی خالی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ریلوے سٹیشن پر لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے اور سامان کی چیکنگ کیلئے سکیننگ مشین خراب ہے، ریلوے حکام کے نوٹس میں ہونے کے باوجود تاحال مرمت نہیں کی جاسکی۔ ناقص سکیورٹی انتظامات کے باعث ریلوے سٹیشن مسافروں کیلئے سکیورٹی رسک بن گیا، ریلوے سٹیشن پر تعینات بم ڈسپوزل یونٹ کا انسپکٹر مبینہ ملی بھگت سے یہاں کی بجائے ہوم سٹیشن سکھر ڈویژن میں ڈیوٹی دے رہاہے اور بم ڈسپوزل کاعملہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ ایس پی ریلوے کی اسامی خالی ہے ،ڈی ایس پی رفاقت حیات قائم مقام ایس پی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ رفاقت حیات نے رابطہ پر ریلوے سٹیشن پر سکیننگ مشین خراب ہونے اور بم ڈسپوزل یونٹ کے انسپکٹر کی ڈیوٹی سکھر میں ہونے کی تصدیق کی اور کہا فنڈز ملیں گے تو سکینگ مشین کی مر مت کرائیں گے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں