بہارہ کہو:ڈکیتی، چوری کی پے درپے وارداتیں،شہری غیر محفوظ
بہارہ کہو (شاکر ملک سے) تھانہ بہارہ کہو کی حدود میں ڈکیتی، چوری کی پے در پے وارداتوں کے باعث عوام علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، علاقہ میں جرائم کم ہونے کے بجائے بڑھتے ہی جارہے ہیں۔۔
جبکہ مقامی پولیس نے معنی خیز خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ گزشتہ روز ڈھوک موہری میں دن دیہاڑے ڈاکو اسلحے کی نوک پر جنرل سٹور کے مالک سے ڈھائی لاکھ روپے لوٹ کر لے گئے، چھتر میں لاکھوں روپے کا ٹرانسفارمر چوری کر لیا گیا۔ اس سے قبل بھی دو ٹرانسفارمر چوری ہو چکے ہیں، ایک اور واردات میں مقامی بینک کی اے ٹی ایم میں شہری سے 5لاکھ روپے لوٹے گئے جس کی ایف آئی آر بھی تاحال درج نہ ہو سکی۔ عوام علاقہ نے وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے بڑھتے جرائم پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ تھانہ بہارہ کہو میں بغیر پیسوں کے کوئی نہیں سنتا، درجنوں چکر لگوا کر ذلیل و خوار کیا جاتا ہے، وزیر داخلہ فوری ایکشن لیں۔