پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے حکومت سنجیدگی سے سوچ رہی:اعظم تارڑ

 پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے حکومت سنجیدگی سے سوچ رہی:اعظم تارڑ

اسلام آباد(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)تحریک انصاف پر پابندی کے معاملہ پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا بیان بھی سامنے آگیا۔ وزیر قانون اعظم تارڑ کا کہنا ہے۔۔۔

 پابندی کے حوالے سے وفاقی حکومت کے پاس میٹریل اور قانونی جواز موجود ہے، حکومت اس معاملے پر سنجیدگی سے سوچ رہی ہے، اس حوالے سے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے سے پہلے سیاسی اور قانونی پہلوؤں کو دیکھا جائے گا۔ادھروفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ موخر نہیں ہوا، کابینہ میں وہ چیز آتی ہے جس پر حتمی مشاورت ہوگئی ہو،پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے ثبوت اور شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔

ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے اتحادیوں اور قانونی ماہرین سے مشاورت ہورہی ہے پابندی کا معاملہ ہم نے کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں رکھا ہی نہیں تھا۔وزیرقانون نے بھی کہا پابندی کیلئے سنجیدگی سے غور ہو رہا ،صدر آصف زرداری کی طرف سے بھی حوصلہ افزا رسپانس ہے، ان کی طرف سے مکمل حمایت کااظہار کیا گیا۔ ہم چاہتے ہیں پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے قانونی طور پر مکمل تیاری کی جائے، اصولی فیصلہ ہوجائے تو اعلان کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔ انہوں نے کہا پیکا عدالتوں سے متعلق فیصلہ ایک دو دن میں سامنے آجائے گا، وزیر قانون پیکا عدالتوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں